Friday, April 26, 2024

ملک کے متعدد شہروں میں احتجاج کے باعث سڑکیں بند ، ٹریفک کی روانی متاثر

ملک کے متعدد شہروں میں احتجاج کے باعث سڑکیں بند ، ٹریفک کی روانی متاثر
November 1, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت ملک کے متعدد شہروں میں احتجاج کے باعث سڑکیں بند ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے راستے بحال کرانے کے لئے کوشاں ہیں۔ لاہور میں مانگا منڈی، سندر، موہلنوال، چوہنگ اور پکا میل کے قریب ٹریفک کا بہاؤ معطل ہے۔ ٹیکسلا، مندرہ گجر خان، سوہاوہ، دینہ، سرائے عالمگیر، کھاریاں، گجرات، کامونکی، چن دا قلعہ، مریدکے، پکا میل، لوہاراں والا کھوہ میں ٹریفک بند ہے۔ موٹروے پولیس نے ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف مو ڑ دیا ہے۔ ملتان کا چوک گھنٹہ گھر، ابدالی روڈ اور کچہری روڈ بند ہے۔ پنڈی بھٹیاں کے مقام پر موٹروے کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ موٹروے ایم ٹو پنڈی بھٹیاں سے لاہور، فیصل آباد اور گوجرہ تک بند ہے۔ ادھر چارسدہ سے پشاور تک بھی موٹروے بند ہے۔ فیصل آباد میں کسی بھی مقام پر موٹر وے بند نہیں کی گئی۔ کمال پور، ساہیانوالہ، ڈپٹی والا اور گوجرہ انٹرچینج ٹریفک کے لئے کھلی ہے۔ موٹروے ایم ون پشاور ٹول پلازہ کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے لاہور جانے والی ٹریفک کو پنڈی بھٹیاں سے متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے۔ سندھ میں لیاری ایکسپریس وے سہراب گوٹھ سے ماڑی پور جاتے ہوئے نیازی چوک ٹریفک کیلئے بند ہے۔ کراچی میں تین مقامات لانڈھی ، کازوے اور داؤد چورنگی پر مظاہرین نے دھرنا ختم کر دیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی احتجاجی مظاہرے اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔