Thursday, April 25, 2024

ملک کے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، وزیراعظم عمران خان

ملک کے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، وزیراعظم عمران خان
August 24, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملکی خارجہ پالیسی پر دفتر خارجہ کو گائیڈ لائن دے دی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ  ملک کے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی عید کے تیسرے روز دفتر خارجہ آمد ہوئی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا پاکستان ہمسایہ ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ بھارت کیساتھ دیرینہ مسائل کا حل خطے کی ترقی کیلیے ناگزیر ہے، کسی بھی ملک کیساتھ خوامخواہ کا الجھاو نہیں چاہتے، قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگاْ۔ وزیراعظم عمران خان نے سفارتخانوں کی کارکردگی بہتر بنانےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کیا جائے۔ دفتر خارجہ حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ بھارت مسلسل مذاکرات سے بھاگ رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم آشکار ہونے سے ڈرتا ہے، بھارت پاکستان میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے، کلبھوشن کیس پر بھارت نے کسی رابطے کا جواب نہیں دیا۔ عمران خان کو بتایا گیا کہ افغانستان سے بہتر تعلقات خارجہ پالیسی کا حصہ ہیں۔ افغان قیادت کے پاکستان مخالف بیانات پر بھی برداشت کی پالیسی اپنائی جاتی ہے، بارڈر مینجمنٹ ناگزیر ہے۔ بتایا گیا کہ پاکستان کے امریکہ کیساتھ تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں، اعتماد کا فقدان ختم کرنے کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوئیں، 5 ستمبر کو امریکی وزیر خارجہ کے دورے سے بہتری کی توقع ہے۔ اجلاس میں ایران، وسط ایشیا اور مشرق وسطی کے ممالک سے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی وزیراعظم کو بریف کیا گیا۔