Friday, May 17, 2024

ملک کے طول و عرض میں شدید سردی نے ڈیرے جما لئے

ملک کے طول و عرض میں شدید سردی نے ڈیرے جما لئے
December 15, 2019
لاہور ( 92 نیوز) دسمبر بھیگنے کے بعد ٹھنڈا بھی ہو گیا ،  ملک  کے طول وعرض میں شدید سردی کی لہر چھا گئی ،   پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں شدید  دھند رہی ،  قومی شاہراہ اور موٹروے پر ٹریفک کی روانی  کے ساتھ ساتھ فضائی  آپریشن  بھی متاثر ہوا۔ پنجاب سمیت ملک بھر میں شدید سردی کے ڈیرے ہیں ، بالائی علاقوں میں برف باری نے ہر شے جما دی ہے ، منچلوں نے پہاڑی علاقوں کا رخ کرلیا ،خوب موج مستی  بھی کی ۔ پنجاب کےمختلف علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند رہی ۔ دن کو رات کا گماں ہونے لگا ،ٹھنڈی ہواؤں نے موسم بھی سرد کردیا ، شہری  چھٹی کے روز بھی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔ موٹرویز اور ہائی ویز حد نگاہ صفر ہونے پر کئی مقامات پر بند رہی تاہم بعد میں کھول دی گئی ، شدید دھند کے باعث فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ،جب کہ ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ بالائی علاقوں میں برف باری نے بھی رنگ جما دیا ،ہرشے نے سفید چادر اوڑھ لی،گلگت بلتستان سمیت دیگرعلاقوں میں  درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا،منچلے بھی موج مستی کے لیے پہنچ گئے ۔ دوسری طرف سردی میں اضافہ ہوتے ہی کئی شہروں میں گیس پریشر بھی کم ہوگیاجس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔