Thursday, April 25, 2024

ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری

ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری
December 13, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
ایبٹ آباد، مری، گلیات، نتھیاگلی، ایوبیہ، ٹھنڈیانی، سوات، شانگلہ، ناران کاغان سمیت شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ آسمان سے اترتی چاندی کی بارش نے ہر رنگ سفیدی میں بدل دیا ہے۔ جدھر دیکھو روئی کے گالے ہی نظر آتے ہیں۔
برفباری کے خوبصورت مناظر نے قدرتی حسن میں تو اضافہ کیا ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ عوامی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔
معمولات زندگی گویا تھم کر رہ گئے ہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہونے سے سیاح بھی پھنس کر رہ گئے ہیں جبکہ مقامی لوگ گھروں میں محصور ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر بھی برفباری اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کی بھی توقع ہے۔
گزشتہ روز قلات ملک کا سرد ترین مقام رہا، جہاں پارہ نقطہ انجماد سے نو درجے نیچے گر گیا۔