Friday, May 3, 2024

ملک کے زیادہ تر علاقے سردی کی لپیٹ میں

ملک کے زیادہ تر علاقے سردی کی لپیٹ میں
December 27, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے زیادہ تر علاقے سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ کہیں ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے تو کہیں دھند کے بادل چھائے ہیں جبکہ شمالی علاقہ جات میں ہلکی برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے معامولات زندگی جامد ہو کر رہ گئے ہیں۔
پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ کی فضا پر دھند نے قبضہ جما رکھا ہے۔ ہر شے دھندلانے سے حدنگاہ کم رہ گئی جس سے ٹریفک کی آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جنوبی پنجاب کا علاقہ ملتان اور خیبرپختونخوا کا علاقہ مردان شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جبکہ آج ہنزہ میں سب سے زیادہ سردی ہے جہاں درجہ حرارت منفی چھے ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن، بالائی فاٹا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی بھی توقع ہے۔