Saturday, April 20, 2024

ملک کے دیگر شہروں میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج

ملک کے دیگر شہروں میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج
May 19, 2018
کراچی (92 نیوز) لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے حکومت نے وعدے تو بہت کیے لیکن حکومتی مدت ختم ہونے کو آئی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ممکن نہ ہو سکا۔ بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کو احتجاج کرنے پر مجبور کر دیا ۔ روشنیوں کے شہر کراچی کی شمسی سوسائٹی میں بجلی کی آنکھ مچولی نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا۔ بجلی کے نہ ہونے سے  شہری شدید اذیت کا شکار رہے جس کے بعد تنگ آ کر علاقہ مکینوں نے احتجاج شروع کیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی۔ مظاہرین کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیے رکھا۔ سحری اور افطاری کے اوقات میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو احتجاج پر مجبور کر دیا۔ لوگ پلے کارڈ اور بینر اٹھا کر حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ بڑے شہروں کے علاوہ ملک کے چھوٹے شہروں میں بھی لوڈ شیڈنگ نے حکومتی وعدوں کی قلعی کھول دی ہے ۔ شہری مختلف مقامات پر احتجاج کرتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حکومتی وعدوں کو پورا کرنے کی دہائیاں دیتے دکھائی دیتے رہتے ہیں۔