Thursday, April 25, 2024

ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند کے باعث معمولات زندگی درہم برہم

ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند کے باعث معمولات زندگی درہم برہم
December 24, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ، موٹر وے اور ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند نے مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں ، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں صبح کے اوقات میں پڑنے والی دھند نے زندگی مفلوج کر کے رکھ دی۔ دھند کے باعث سڑکوں پر گاڑیوں کا چلنا محال ہوا تو،، کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہی ، ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حد نگاہ بہتر ہونے کے بعد پشاور سے رشکئ اور دیگر مقامات پر دھند کے باعث بند کی گئی موٹروے کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا تاہم موٹر وے پولیس نے ڈرائیورز کو احتیاط کا مشورہ دیاہے۔ قومی شاہراہ پر پتوکی، حبیب آباد، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال اور ہڑپہ میں دھندکے باعث ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔ چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودہراں، بہاولپور میں بھی صبح کے وقت شدید دھند تھی۔احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ اور ظاہر پیر میں شدید دھند چھائی رہی۔ سرگودھا اور گردونواح میں دھند کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ، دھند کے باعث ملک بھر میں ٹرینوں کا شیڈول بھی بُری طرح متاثر ہے ۔ کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں ، فیصل آباد میں دھند کے باعث فضائی اور زمینی سفر متاثر  ہوا ۔  ملک بھر سے فیصل آباد آنے والی8 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں ، دبئی اور سعودی عرب جانے والی پروازیں بھی 4، 4 گھنٹے لیٹ ہیں۔ ادھر بھکر میں جھنگ روڈ پر شدید دھند کے باعث ٹریکڑ ٹرالی الٹنے سے ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔