Friday, April 26, 2024

ملک کے بیشتر علاقے بدستور سردی کی لپیٹ میں

ملک کے بیشتر علاقے بدستور سردی کی لپیٹ میں
December 20, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے زیادہ تر علاقوں میں سردی کا زور برقرار ہے۔ بعض علاقوں میں تو سورج نے چہرہ ہی چھپا رکھا ہے۔
شمالی علاقوں میں چاندی کی بارش بھی جاری ہے۔
اسکردو اور گردونواح میں برفباری کے باعث ہر شے نے سفید لباس زیب تن کر رکھا ہے۔
برفباری سے سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
اسلام آباد اور اسکردو کے درمیان فلائٹ بھی منسوخ ہو گئی۔
آج مالم جبہ ملک کا سرد ترین مقام ہے جہاں پارہ نقطہ انجماد سے بھی چھے درجے نیچے گر گیا۔
اسکردو میں درجہ حرارت منفی چار، پارہ چنار، گوپس، کالام، قلات اور چترال میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی بھی توقع ہے جبکہ سرگودھا، لاڑکانہ، سکھر اور میرپور خاص ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔