Friday, May 10, 2024

ملک کے بیشتر علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش

ملک کے بیشتر علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش
May 3, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے بیشر علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش، موسم خوشگوار ہونے سے روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے ، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی نوید سنا دی۔

لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ، گرمی کا زور ٹوٹ گیا ، لاہور میں مینہ جم کر برسا، رات گئے شروع ہونے والی بارش  وقفے وقفے کے ساتھ صبح چھ بجے تک جاری رہی۔

پنجاب کے مختلف علاقوں سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، خوشاب ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جلال پور بھٹیاں سمیت متخلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، کئی مقامات پر ژالہ باری کی بھی اطلاعات ملیں۔

ادھر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفان کے بادل بھی جم کر برسے، پشاور اور گردنواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کی روزے داروں کیلئے خوشخبری ہے کہ بادل اس ہفتے جم کر برسیں گے ، مغربی ہوائیں آئندہ ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھیں گی ، اس دوران بالائی ووسطی پنجاب، خیبر پختونخواہ،اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔