Friday, April 26, 2024

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا
June 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سورج کا غصہ نہ تھما ، شہر قائد اور لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں  میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہا، جیکب آباد میں پارہ پچاس ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا ۔ کراچی میں گرمی کا زور ٹوٹ نہ سکا، شہری آج بھی سورج کے رحم و کرم پر رہے، شہر کا درجہ حرارت 36 ڈگری سنٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب ساٹھ فیصد تک رہا۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی سورج مسلسل آنکھیں دکھا رہا ہے، درجہ حرارت آج بھی 45سنٹی گریڈ تک رہا، جھلسا دینے والی گرمی کے باعث دوپہر کے وقت سڑکیں بھی ویران رہیں۔ آج سب سے زیادہ گرمی جیکب آباد میں پڑی ، جہاں پارہ پچاس ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بہاولنگر، لاڑکانہ اور تربت میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہےگا ، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر  میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔