Friday, April 26, 2024

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر بدستور بر قرار

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر بدستور بر قرار
December 21, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر بدستور بر قرار ہے۔ کئی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ کے کچھ علاقوں میں دھند بھی چھائی ہے۔
ملک کے بیشتر علاقے سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
بارش کے بعد سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے تاہم لاہور میں سورج نکلنے سے سردی قدرے کم ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دسمبر کے آخر میں بارش کا بھی امکان ہے جس کے بعد ایک بار پھر سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
ملک کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اسکردو، اسکے گردونواح اور ضلع گنگ چھے کے دور دراز علاقوں میں آسمان سے جیسے روئی کے گالے اتر رہے ہوں۔
اسکردو میں ایک انچ تک برف پڑ چکی ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافے سے لوگوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو گیا۔
دوسری طرف وادی تھلے میں برف جمنے سے اسکردو کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جبکہ اسکردو سے اسلام آباد فلائٹ دوسرے روز بھی معطل ہے۔
پنجاب کے میدانی اور بالائی سندھ کے بعض علاقوں میں دھند کے بادل بھی چھائے ہیں۔
دادو، وہاڑی، بورے والا اور عارف والا سمیت کئی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث حدنگاہ بھی کم رہ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی بھی توقع ہے۔