Monday, May 13, 2024

ملک کے بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری بدستور جاری

ملک کے بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری بدستور جاری
January 5, 2020
 استور (92 نیوز) ملک بھر میں موسم سرما کی شدت برقرار ہے۔ استور، زیارت اور گردونواح میں سفید گالوں کی برسات جاری ہے۔ میدانی علاقوں میں خشک سردی اور پہاڑی علاقے برفباری کی لپیٹ میں  ہیں ۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش نے سردی کی لہر میں اضافہ کر دیا۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی  وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں چھٹی کے روز سیاحوں کا میلہ لگ گیا۔ گزشتہ روز ہونے والی برفباری نے موسم کو مزید دلکش بنا دیا ہے۔ سیاح موج مستیاں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ استور میں بھی اب تک کئی کئی فٹ برف پڑ چکی ہے۔ شہر میں جلانے کی لکڑیاں بھی نایاب ہو چکی ہیں۔ سکردو میں دھوپ تو نکل آئی لیکن درجہ حرارت اب بھی منفی پندہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آزاد کشمیر  گلگت، دیر بالا، کوٹلی، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں  شدید سردی ہے۔  برفباری سے متاثرہ علاقوں کا زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ ملتان  سمیت جنوبی پنجاب کے اکثر و بیشر علاقوں میں بارش ہوئی۔ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے سردی کی  لپیٹ میں ہیں۔ کوئٹہ میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شہرکا کم سے کم درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت، قلات، دالبندین ، نوکنڈی، پنجگور، خضدار، تربت، باکھران اور سبی بھی ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ خیبرپختونخوا اور سندھ میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔