Saturday, May 4, 2024

ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں بارش اور برفباری ، سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں بارش اور برفباری ، سردی کی شدت میں اضافہ
November 15, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ بارش سے ملک کے بیشتر علاقوں میں کئی روز سے چھائے اسموگ اور دھند کے بادل چلتے بنے۔ فضا آلودگی سے پاک ہونے پر عوام نے سکھ کا سانس لیا۔
لاہور، پشاور، صوابی، مردان، بنوں، نوشہرہ، راولپنڈی، آزاد کشمیر، ملتان اور عارف والا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔
زیارت اور قلات سمیت شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ہر شے پر جیسے سفیدی کی چادر تن گئی ہو۔ برفباری سے سردی کی شدت ایسی بڑھی کہ معمولات زندگی تھم سے گئے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند اور اسموگ کی شدت میں بھی کمی رہے گی۔