Sunday, May 5, 2024

ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کے ڈیرے،لاہور سمیت وسطی پنجاب میں دھند کے ڈیرے

ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کے ڈیرے،لاہور سمیت وسطی پنجاب میں دھند کے ڈیرے
December 23, 2018
لاہور ( 92 نیوز) دسمبر کے آخری دنوں میں جاڑے نے اپنا رنگ دکھا دیا، ملک کے بالائی علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں آگئے جب کہ لاہور سمیت پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں صبح کے وقت شدید دھند نے ڈیرے ڈالے رکھے  ہیں ۔ خشک دسمبر  جانے لگا  تو جاڑا آن پہنچا  ،صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف  شہر شدید سردی کی  زد میں  ہیں ۔ پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند نے راستے  دھندلا دیے ، موٹروے کے مختلف سیکشنز  ٹریفک کے لیے بندرہے  جس  کے باعث  مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد رہا ، سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں  منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا  جبکہ گوپس منفی 7 ، استور،کالام،گلگت  میں منفی چھ،  ہنزہ منفی پانچ،راولاکوٹ،کوئٹہ میں  منفی چار، بگروٹ، دیر، چترال اور دروش میں منفی تین  ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی  جبکہ بالائی علاقوں میں صبح کے وقت کہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔