Tuesday, May 21, 2024

ملک کے 35 حلقوں میں ضمنی الیکشن کی تیاریاں مکمل

ملک کے 35 حلقوں میں ضمنی الیکشن کی تیاریاں مکمل
October 13, 2018
لاہور (92 نیوز) ملک کے 35 حلقوں میں ضمنی الیکشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انتخابی مہم کا وقت رات بارہ بجے ختم ہو گیا ۔ جلسے ،جلوسوں ، ریلیوں اور کارنر میٹنگز کو بریک  لگ  گئی۔ جنرل  الیکشن کے بعد  اب  باری ہے  خالی  نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب کی ۔ ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ چودہ اکتوبر کو ہو گی۔ چوبیس قومی اسمبلی اور گیارہ صوبائی اسمبلی  کے حلقوں میں  ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ذرائع  کے مطابق  کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پاک فوج کے چالیس ہزار سے زائد جوان  سکیورٹی کے فرائض  انجام دیں گے۔ فوج کے جوانوں کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے گا جبکہ پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکار بھی سکیورٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت تحریک انصاف اورمسلم لیگ ن کے امیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں۔ دونوں جماعتوں کے امیدواروں نے اپنی اپنی جیت کیلئے انتخابی مہم میں ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔ مسلم لیگ ن کا گڑھا کہلایا جانے والا شہر لاہور ایک بار پھر مرکز نگاہ ہے جہاں این اے ایک اکتیس اور این اے ایک سو چوبیس پر کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی خالی کردہ نشست این اے ایک سو اکتیس میں خواجہ سعد رفیق اور ہمایوں اخترمیں مقابل ہے جبکہ حمزہ شہباز کی خالی کی گئی سیٹ پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان  عباسی  کا مقابلہ تحریک انصاف کے امیدوار سے ہے۔ کراچی میں بھی تحریک  انصاف ، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم پاکستان سمیت  پی ایس پی اور دیگر جماعتوں نے بھرپورانتخابی مہم  چلائی  جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں  انتخابی  گہما گہمی عروج پر رہیں۔