Monday, May 13, 2024

ملک کی پہلی راہداری پالیسی تیار کرلی، عبدالرزاق داؤد

ملک کی پہلی راہداری پالیسی تیار کرلی، عبدالرزاق داؤد
August 7, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کی پہلی راہداری پالیسی تیار کرلی، ملازمتیں اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا بڑا دروازہ کھول دیا گیا۔ کارگو کے چارجز اور راہداری ٹیکس میں نمایاں کمی کردی جائیگی۔

ملکی معشیت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے حکومت کا بڑا اقدام

ملک کی پہلی راہداری پالیسی  کے حوالے سے، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نئی ٹرانس شپمنٹ پالیسی کے ذریعے فارن کرنسی ذخائر، محصولات اور ملازمتوں کو فروغ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کی پہلی راہداری پالیسی تیار کرلی۔ جس کے تحت خطے کے ممالک کے ساتھ گوادر پورٹ اور پاکستان کی دیگر گزرگاہوں کے ذریعے تجارت بڑھائی جائے گی۔ خطے میں سرمایہ کاری، تبادلہ اشیاء اور خدمات، بینکنگ سسٹم اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں انقلاب برپا ہوگا۔

مشیر تجارت نے کہا کہ راہداری پالیسی سے ملازمتیں اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا بڑا دروازہ کھول دیا گیا۔ کارگو کے چارجز اور راہداری ٹیکس میں نمایاں کمی کردی جائیگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پالیسی فریم ورک میں کارگو کنٹینر کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی میکنائزڈ سہولت شامل ہوگی۔ یہ سہولت 24 گھنٹے کام کرے گی۔ ایکسپورٹرز اور خطے کے تاجروں کو اس سے بڑی سہولت پہلے کبھی نہ دی گئی تھی ۔ چین، سارک ممالک، افغانستان، ایران، سنٹرل ایشیا کے ممالک اور پاکستان کی تجارت میں تاریخی ابھار آنے کا امکان ہے۔

رزاق داؤد بولے کہ میری ٹائم ٹریڈ میں مشرق وسطی کے ممالک کو ایک بڑا حصہ ملے گا، اس وسیع تجارتی میکنزم کیلئے وزارت تجارت نے تیاریاں شروع کردیں، ٹرانس شپمنٹ کا ادارہ فعال کردیا گیا ہے۔ اس ادارے کے رولز فنانس ایکٹ 2020 میں شامل کردیئے گئے ہیں۔ کمرشل اتاشیوں کو میری ٹائم تجارت میں خطے کے ایکسپورٹرز اور تاجروں کی شمولیت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔