Friday, April 26, 2024

ملک کی مختلف جیلوں میں پندرہ مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، دو مجرموں کی پھانسی مؤخر

ملک کی مختلف جیلوں میں پندرہ مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، دو مجرموں کی پھانسی مؤخر
April 22, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ملک کی مختلف جیلوں میں قید سزائے موت کے منتظر پندرہ قیدیوں کو آج صبح پھانسی کے پھندے پر لٹکا دیا گیا جبکہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں دو مجرموں کی پھانسی مؤخر کر دی گئی۔ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں تین تین، لاہور، سیالکوٹ میں دو دو، گجرات، ملتان، کوئٹہ، ساہیوال اور راولپنڈی میں سزائے موت کے ایک مجرم کو پھانسی دے دی گئی جبکہ راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے دو قیدیوں کی سزا مؤخر کر دی گئی۔ گوجرانوالہ میں مجرم لطیف اور ظفر نے معمولی تنازعے پر فائرنگ کر کے چار افراد کو قتل کر دیا تھا جبکہ تھانہ سودھراں کے علاقے میں مجرم عنایت نے رشتے کے تنازعے پر فائرنگ کر کے خاتون سمیت چھ افراد کو قتل کر دیا تھا۔ فیصل آباد میں تہرے تہرے قتل کے مجرم نظام دین اور محمد حسین جبکہ اپنے سات سسرالی رشتہ داروں کو قتل کرنے والے مجرم اعظم کو تختہ دار پر چڑھایا گیا۔ لاہور کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے دو مجرموں اللہ رکھا اور غلام نبی کو پھانسی دے دی گئی۔ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ جیل میں چودہ سالہ لڑکی سے زیادتی کے مجرم لقمان اور سلیم کو پھانسی دی گئی۔ گجرات میں سزائے موت کے مجرم اظہر محمود، ملتان میں سلطان، مچھ جیل میں ریاض احمد، ساہیوال میں لیاقت، راولپنڈی میں راجہ رئیس کو تختہ دار پر چڑھا دیا گیا جبکہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سزائے موت کے قیدی سرفراز اور شکیل کی پھانسی مؤخر کر دی گئی۔