Friday, April 26, 2024

ملک کی سب سے بڑی لکڑی منڈی مسائل کا گڑھ بن گئی

ملک کی سب سے بڑی لکڑی منڈی مسائل کا گڑھ بن گئی
August 21, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز) ملک کی سب سے بڑی لکڑی منڈی مسائل کا گڑھ بن گئی ۔ فیصل آباد کی 65 سال پرانی اور پاکستان کی سب سے بڑی لکڑی منڈی میں  لکڑی خام مال بن کر ملک بھر کی فرنیچر مارکیٹوں میں سپلائی ہوتی ہے ۔ یہ مندی فیصل آباد گھنٹہ گھر سے 2.7 کلو میٹر دور جھنگ روڈ پر 1954ء سے آباد  ہے ۔ سال 1947ء میں ریلوے گودام اور منٹگمری بازار پھر 1950ء میں کوتوالی روڈ سے منتقل ہو کر یہاں جھنگ روڈ پر ٹھکانا کیے ہوئے ہے ، 354 کنال اراضی پر پھیلی اس منڈی میں دو سو آرا مشینیں ہیں جو 700 کے قریب مزدوروں کو روز گار مہیا کیے ہوئے ہے۔ اس منڈی میں  آڑھتی ملک بھر سے لکڑی منگواتے ہیں، یہاں لکڑی کی بولی لگتی ہے پھر ڈیمانڈ کے مطابق درختوں کی کٹائی کی جاتی ہے ۔  لکڑی خام مال بن کر چنیوٹ،لاہور اور کراچی کی بڑی مارکیٹوں میں سپلائی ہوتی ہے جہاں اسے دیدہ زیب اور پائیدار فرنیچر میں ڈھالا جاتا ہے ۔ سالہا سال گزر گئے اس کاروبار کو باقاعدہ صنعت کا درجہ ملا نہ یہاں کے آڑھتیوں کو مالکانہ حقوق سہولیات کا بھی فقدان ہے جب کہ  ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور ناقص سیوریج سسٹم نے عجیب منظر پیدا کر رکھا ہے  اور تو اور  اسٹریٹ لائٹس غائب  بھی غائب ہیں ۔ ڈی سی فیصل آباد نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا کر دامن سے پھر مٹی جھاڑ لی  جبکہ آڑھتیوں کا مطالبہ ہے کہ مالکانہ حقوق مہیا کرنے کے ساتھ صنعت کا درجہ دیکر بنیادی مسائل حل کیے جائیں تاکہ یہ صنعت ملکی زرمبادلہ میں اضافے کا باعث بنے ۔