Sunday, September 8, 2024

ملک کی تین بڑی مارکیٹوں کے انضمام سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج وجود میں آ گئی

ملک کی تین بڑی مارکیٹوں کے انضمام سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج وجود میں آ گئی
January 11, 2016
کراچی (92نیوز) کل تک کراچی اسٹاک ایکس چینج کہلانے والی والی پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ٹریڈنگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملک کی تینوں اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قیام کی منظوری دی تھی جس کے باعث آج پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اسٹاک مارکیٹس کے نگران ادارے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے تحت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی اسٹاک مارکیٹس کو ضم کر کے پاکستان اسٹاک ایکسچینج بنائی گئی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ کے انضمام یا ڈی میچولائیزیشن کا قانون 2012ءمیں منظور ہوا جس کے تحت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی اسٹاک ایکس چنیج اپنے 40 فیصد تک حصص سرمایہ کاروں کو فروخت کریں گی۔ یہ سرمایہ کار کوئی بیرونی اسٹاک ایکس چینج بھی ہو سکتی ہے۔ تینوں حصص مارکیٹوں کے ارکان 40 فیصد حصص کے مالک ہوں گے جبکہ باقی 20 فیصدفروخت کے لیے عوام کو پیش کیے جائیں گے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نیویارک کے نیس ڈیک یا ممبئی اسٹاک ایکسچینج کی طرز پر کام کا آغاز کرے گا۔ ایک اسٹاک ایکسچینج پورے ملک کے بازارحصص کو ظاہر کرے گی جس سے کاروبار میں بہتری اور مارکیٹ کا حجم بڑھے گا۔ نئی اصلاحات سے ریگولیشنز مضبوط اور سرمایہ کاری کو محفوظ بنایا جا سکے گا۔