Friday, May 17, 2024

ملک پانچ سالہ منصوبے سے نہیں بنتے، وزیراعظم عمران خان

ملک پانچ سالہ منصوبے سے نہیں بنتے، وزیراعظم عمران خان
February 12, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ملک پانچ سالہ منصوبے سے نہیں بنتے، بدقسمتی سے حکومتیں صرف پانچ سال کی منصوبہ بندی کرتی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے جیلانی پارک میں میاواکی جنگل کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے اربن فاریسٹ منصوبے کی تقریب سے خطاب میں کہا، لاہور بہت ہرا بھرا شہر تھا لیکن آبادی بڑھتی گئی اور ماحولیات کا خیال نہیں رکھا گیا جس سے ماحولیات کو نقصان پہنچا۔ پچھلے بارہ تیرہ سال میں لاہور کے 70 فیصد جنگلات ختم کردیئے گئے۔

اُن کا کہنا تھا، فروری کے مہینے میں لاہور میں سورج ہی نظر نہیں آتا، ان دنوں میں فوگ نہیں سموگ ہوتی ہے، سموگ خاموش قاتل ہے جو نظر نہیں آتا، یہ ایک انسان کی 7 سے 11 سال تک کی زندگی کم کر دیتی ہے۔

انہوں نے کہا، ہم نے پاکستان میں دس ارب درخت لگانے کا ٹارگٹ سیٹ کررکھا ہے، منصوبے کی پلانٹیشن پورے پاکستان میں شروع ہوجائے گی۔

وزیراعظم بولے کہ

چین کی ترقی کا راز یہ ہے کہ وہ آگے کی سوچتے ہیں، چین میں آلودگی بڑھی تو جنگلات اُگائے جا رہے ہیں، اللہ تعالی نے ہمیں بارہ موسم دیئے، ہر چیز اُگا سکتے ہیں، شجرکاری مہم میں تعلیمی اداروں کے طلبہ اور بچوں کو شامل کیا جانا چاہئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگلے چند سال میں پاکستان امپورٹ کی بجائے خام تیل ایکسپورٹ کرے گا، دریائے سندھ کے کنارے ہم زیتون کے جنگلات لگا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے جیلانی پارک میں پودا بھی لگایا۔