Friday, May 10, 2024

ملک میں گیس بحران کا ساتواں روز، شہر شہر گھریلو صارفین کو مشکلات

ملک میں گیس بحران کا ساتواں روز، شہر شہر گھریلو صارفین کو مشکلات
December 27, 2019
 لاہور (92 نیوز) ملک میں گیس بحران کا آج ساتواں روز ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان سمیت شہر شہر گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈیمانڈ بڑھنے پر لکڑیاں اور ایل پی جی سمیت دیگر ایندھن بھی مہنگے ہو گئے۔ لاہور ، ملتان اور فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے۔ شہریوں کو کھانا پکانے میں مشکلات، ہوٹلوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ گیس بندش پر شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس ہے نہ بجلی، عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ دوسری طرف صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی بند کرنے کے باوجود شارٹ فال کم نہ ہوا۔ کراچی میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی سپلائی 7 ویں روز بھی بحال نہ ہو سکی۔ سی این جی اسٹیشنز بند، شہر قائد میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورز کا روزگار بھی داؤ پر لگ گیا ۔ ریجنل چیئرمین اپٹما احتشام جاوید کا کہنا ہے کہ حکومت نے سبسڈائز ریٹ پر گیس دینےکا وعدہ کیا لیکن وفا نہ ہو سکا۔ ایل این جی لے کر آئیں اور سپلائی دیں تاکہ انڈسٹری چل سکے۔ گیس بندش اور کم پریشر کی وجہ سے سخت سردی میں شہریوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ پریشان حال شہریوں مشکلات کے حل کیلئے حکومت وقت کی طرف تک رہے ہیں۔