Sunday, May 12, 2024

ملک میں کورونا سے مزید تین اموات، مجموعی تعداد 66 ہو گئی

ملک میں کورونا سے مزید تین اموات، مجموعی تعداد 66 ہو گئی
April 10, 2020
 لاہور (92 نیوز) ملک میں کورونا سے مزید تین اموات ہو گئیں جس کے بعد مجموعی تعداد 66 ہو گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے  کیسز کی تعداد 2279 ، سندھ میں 1128 ، خیبر پختونخواہ میں 620 اور اسلام آباد میں  107 ہو گئی ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں 219 ، گلگت بلتستان 215 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 33 تک پہنچ گئی ہے۔ راولپنڈی میں کورونا وائرس کے شبے میں زیرعلاج 3 خواتین دوران علاج دم توڑ گئیں، تینوں خواتین بے نظیر بھٹو اسپتال میں زیر علاج تھیں، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق گوجرخان کی رہائشی توفیہ کی کورونا رپورٹ مثبت آ چکی ہے، دیگر دو خواتین کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ جاری اعدادو شمار کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک  66  مریض موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔ سندھ میں 21، پنجاب میں 18 ، کے پی کے میں  22  گلگت بلتستان میں 3 اور  بلوچستان میں ایک مریض جان بحق ہوا۔ ملک بھر میں 45 مریضوں کی  حالت تشویشناک ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر 54 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے جبکہ 46 فیصد مقامی طور پر پھیلے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک 727 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔