Friday, May 17, 2024

ملک میں کورونا سے ایک روز میں مزید 118 افراد جان کی بازی ہار گئے

ملک میں کورونا سے ایک روز میں مزید 118 افراد جان کی بازی ہار گئے
April 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں کورونا سے ایک روز میں مزید 118 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کورونا کے 5611 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سے مجموعی اموات 17 ہزار 117 اور کیسز 7 لاکھ 95 ہزار 627 ہو گئے۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.17 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 55 ہزار 128 ٹیسٹ کیے گئے۔

ملک بھر میں عالمی وباء کی تیسری لہر کے وار میں تیزی آگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے بڑے بڑے شہروں  کے اسپتالوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

این سی او سی حکام کا کہنا ہے کہ گوجرانولا میں 88 فیصد، ملتان  میں 85 فیصد، لاہور میں 84 فیصد  ، مردان میں 60 فیصد جبکہ  اسلام آباد میں 50 فیصد دستیاب وینٹیلیٹرز پر مریض موجود ہیں ۔

ترجمان  کا کہنا ہے کہ گوجرانولہ میں 85 فیصد، صوابی میں 75 فیصد ، پشاور میں 80 فیصد  جبکہ  سوات میں 68 فیصد دستیاب آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

 دوسری طرف ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے مطابق 9 ویں سے بارہویں کلاس تک کے اسکولز بند کر دیئے گئے۔‏ سرکاری و پرائیویٹ ‏دفاتر میں 50 فیصد سے زیادہ ملازمین نہ بلانے کا کہا گیا۔ ‏آؤٹ ڈور اور ان ڈور ڈائننگ، شام 6 بجے سے لے کر سحری تک تمام تجارتی سرگرمیوں پر پابندی اور ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعت قومی اسمبلی کی تمام تر سرگرمیاں جزوی طور پر معطل کر دی گئیں ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دفاتر کو 26 اپریل سے 30 اپریل تک 5 دنوں کے لیے بند کر دیا گیا۔ ملازمین کو 26 اپریل سے 30 اپریل تک گھر سے کام کو الیکٹرانک ذرائع سے جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔