Friday, May 10, 2024

ملک میں آج سے باضابطہ کاروبار کھل جائیگا

ملک میں آج سے باضابطہ کاروبار کھل جائیگا
May 11, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) تاجروں کا طویل انتظار ختم ہو گیا ، ملک میں کل سے کھلے گا باضابطہ کاروبار، چھوٹی دکانیں، تعمیراتی شعبے، برآمدی صنعتیں اور حجاموں کو اجازت مل گئی،سندھ، پنجاب اور کے پی میں ہفتے میں چار دن کاروبار ہوگا جبکہ تین دن دکانیں بند رہیں گی۔

دکانوں کے شٹر کھلنے کو تیار ہیں ، لاک ڈاؤن میں نرمی کا اطلاق پیر سے ہوگا، چھوٹی دکانیں، تعمیراتی شعبے، برآمدی صنعتیں اور حجاموں کو اجازت مل گئی، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دکانیں صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلیں گی، ہفتے میں چار دن کاروبار کیا جاسکے گا ، بڑے شاپنگ مالز، ہوٹلز، مارکیز اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہی رہے گی۔

اسلام آباد میں چھوٹی مارکیٹوں میں ایس او پیز کے ساتھ دکانیں کھولی جا سکیں گی، دکانیں ہفتے کے پانچ دن کھولنے کی اجازت ہو گی،جنرل اسٹورز، بیکریز، آٹا چکی، ڈیری شاپس، گوشت، فروٹ شاپس اور تندور ہفتے میں 7 دن کھلے رہیں گے۔

شہر اقتدار میں تعمیراتی سیکٹر کے ساتھ ساتھ اسٹیل، پلاسٹک پائپ، الیکٹرانکس آلات، پینٹس کی انڈسٹری کھول دی گئی، سینٹری ورکس اور ہارڈ ویئر کی دکانوں کے ساتھ کریانہ سٹورز کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

بلوچستان حکومت نے بھی وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے بعد لاک ڈاؤن کو اسمارٹ لاک ڈاؤن میں تبدیل کردیا اور پیر سے چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی، تاہم دکانداروں کیلئے ایس او پی لازمی قرار دیا گیا۔

ملک میں تمام بڑے تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے، شاپنگ مالز، بڑے ریسٹورنٹ، ہوٹلز، شادی ہالز، سینما گھر بند رہیں گے، ٹائر پنکچر شاپس، ڈرائیور ہوٹل، پٹرول پمپ 24 گھنٹے کھولے جا سکتے ہیں، پوسٹل کوریئرز، پک اینڈ ڈراپ سروس کی بھی اجازت ہوگی۔