Tuesday, May 21, 2024

ملک میں ڈینگی پر قابو نہ پایا جا سکا، مختلف شہروں میں ڈینگی مچھر کے وار جاری

ملک میں ڈینگی پر قابو نہ پایا جا سکا، مختلف شہروں میں ڈینگی مچھر کے وار جاری
October 13, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں ڈینگی پر قابو نہ پایا جاسکا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور سمیت مختلف شہروں میں ڈینگی مچھر کے وار ہیں۔ پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران 229 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں 176 اور لاہور میں 20 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔ پنجاب میں رواں برس ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 ہزار 392 ہو گئی،،، جبکہ رواں سال پنجاب میں ڈینگی سے 12 افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق اٹک سے 3، بھکر اور سرگودھا  سے ڈینگی کے چار، چار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ سیالکوٹ اور نارووال سے تین، تین جبکہ پاکپتن سے دو اور شیخوپورہ سے ڈینگی کا ایک نیا کیس سامنے آیا۔ صوبہ بھر میں ڈینگی کے زیرعلاج مریضوں میں سے 8 کی حالت نازک ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے 24 گھنٹے کے دوران 1798 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔ صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 115 کمرشل مقامات کیخلاف مقدمات درج ہوئے جبکہ 17 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی مچھر کے ڈنگ جاری ہیں، مزید 65 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق  ہونے کے بعد صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی۔ صرف پشاور میں ڈینگی  وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 177  تک پہنچ چکی ہے۔