Thursday, April 25, 2024

ملک میں ڈیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے نائنٹی ٹو نیوز کا خصوصی نشریات کا اہتمام

ملک میں ڈیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے نائنٹی ٹو نیوز کا خصوصی نشریات کا اہتمام
September 17, 2018
لاہور (92 نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے قائم کردہ ڈیم فنڈ اور مشن کی کامیابی کیلئے نائنٹی ٹو نیوز بھی انکے شانہ بشانہ ہے۔ ملک میں ڈیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے نائنٹی ٹو نیوز نے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا۔ ڈیم بناؤ ملک بچاؤ ۔ 92 نیوز نے ایک بار پھر اس مقدس مشن کو لے کر خصوصی نشریات کا اہتمام کیا۔ اس نشریات کی میزبانی معروف ٹی وی میزبان نورالحسن نے کی۔ پروگرام کے شرکا میں معروف معیشت ڈاکٹر سلمان شاہ، ماہر آبی امور ارشد عباسی، بیوٹیشن مسرت مصباح، معروف گلوکار رفاقت علی خان، کامیڈین سخاوت ناز، ٹیسٹ کرکٹر یاسر حمید اور گلوکار فاخر نے شرکت کی۔ شرکا نے اپنی گفتگو میں پانی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملک کے مستقبل کیلئے ڈیم کی اہمیت پر زور دیا۔ کرکٹر یاسر حمید نے کہا کہ نبی پاکﷺ سے بہترین صدقے کا پوچھا گیا تو آپ نے کنواں خرید کر لوگوں کیلئے وقف کرنے کا کہا۔ ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ پانی پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ 60 فیصد آبادی دیہات میں رہتی ہے اور انکا ذریعہ معاش کھیتی باڑی ہے ۔ پانی انکے لئے زندگی موت کی حیثیت رکھتا ہے۔ ارشد عباسی نے کہا کہ تربیلا ڈیم سے پیدا ہونے والی بجلی 30 پیسے فی یونٹ پڑتی ہے جبکہ ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی 16 روپے فی یونٹ میں پڑتی ہے۔ پانی کے ذخائر نہ ہونے کی وجہ سے آج لہسن اور ادرک بھی دوسرے ملکوں سے آرہی ہے۔ شرکا نے کہا کہ چیف جسٹس نے قدم اٹھا کر قوم پر احسان کیا ہے۔ قوم بھرپور طریقے سے انکا ساتھ دے۔ اداکار سخاوت ناز نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وہ دیگر فنکاروں کے ساتھ مل کر فنڈریزنگ مہم چلائیں گے ۔ نائنٹی ٹو کی خصوصی نشریات بھی یہ پیغام دے رہی ہے کہ ہم اپنے حصے کا کردار کر رہے ہیں۔ آپ بھی آگے آئیں۔ ڈیم بنائیں اور ملک بچائیں۔