Sunday, May 12, 2024

ملک میں پٹرول کا بحران ، عوام شدید مشکلات سے دو چار

ملک میں پٹرول کا بحران ، عوام شدید مشکلات سے دو چار
June 8, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک میں پٹرول سستا کیا ہوا شہریوں کی دسترس سے باہر ہو گیا، اکثر پٹرول پمپس نے ’’پٹرول نہیں ‘‘ کی تحریر آویزاں کر دی، جہاں مل رہا ہے وہاں شہریوں کی ڈیمانڈ کے مطابق دستیاب نہیں،جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

پٹرول سستا ہونے کے باوجود شہریوں کی پہنچ سے باہر ہو گیا، پنجاب کے بیشتر علاقوں کی طرح صوبائی دارالحکومت کے اکثر پٹرول پمپس سے پٹرول نہیں مل رہا،شہری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں میں پٹرول بھروانے کے لئے مارے مارے پھرنے لگے۔

اکثر پمپس سے پٹرول مل نہیں رہا جہاں مل رہا ہے وہ موٹرسائیکل والوں کو سو جبکہ گاڑی والے کو صرف پانچ سو روپے کا دے رہے ہیں، شہری کہتے ہیں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی تو کر دی ہے لیکن پٹرول فراہم بھی کیا جائے۔

شہر کے بیشتر پٹرول پمپس  پر ہائی آکٹین پٹرول فروخت  ہو رہا ہے جو کہ غریب آدمی کی جیب پر بوجھ ہے  اورجن پٹرول  پمپوں پر اسٹاک دستیاب ہے وہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں ۔

ادھر پٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ ڈپو سے ہی اسٹاک کم مل رہا ہے جس وجہ سے سپلائی کی فراہمی میں پریشانی کاسامنا ہے۔