Friday, April 26, 2024

ملک میں مہنگائی میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ

ملک میں مہنگائی میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ
December 27, 2020

لاہور (92 نیوز) ملک میں مہنگائی میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ ہو گیا۔ دالیں، چاول، آٹا، سبزی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی۔

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر کے شہریوں کو ریلیف نہ مل سکا۔ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شہری پریشان ہو گئے۔ آٹا، دال، سبزیاں، پھل اور انڈے پہنچ سے باہر ہونے لگے۔

لاہور میں ٹماٹر کے سرکاری نرخ 100 روپے مقرر لیکن مارکیٹ میں 120 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا۔ سبز مرچ 155 کی بجائے 170 روپے جبکہ ادرک 380 کے بجائے 400 روپے سے زائد میں فروخت ہونے لگا۔ انڈے بھی شہریوں کی پہنچ سے باہر ہونے لگے ، فی درجن 204 روپے کے ہو گئے۔

دوسری جانب عوام کی سہولت کے لئے لگائے جانے والے سہولت بازاروں میں ہو کا عالم ہے۔ اسٹالز سے اشیائے خورونوش غائب دکاندار بھی نہ پہنچے جبکہ شہریوں نے بھی دلچسپی لینا چھوڑ دی۔ شہری کہتے ہیں ہر چیز میں آئے روز مہنگائی نے جینا دو بھر کر دیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کرانے والی پرائس کنٹرول کمیٹیاں اپنا کردار ادا کریں۔