Friday, May 17, 2024

ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
August 22, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے بیشترعلاقوں میں مون سون ہواؤں کے زیر اثر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی اورسندھ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعه کے روز سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسلادھار بارش کے باعث مشرقی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی جبکہ سندھ میں اربن فلڈنگ کی صوتحال بھی پیش آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز سندھ ،شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پربارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران سندھ اور مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کا امکان ہے۔