Friday, March 29, 2024

ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہونے سے ہم پیچھے رہ گئے ، وزیراعظم عمران خان

ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہونے سے ہم پیچھے رہ گئے ، وزیراعظم عمران خان
September 7, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہونے سے ہم پیچھے رہ گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں کہا انصاف کے بول بالا کیلئے سیاست میں قدم رکھا۔ 1985 کے بعد ملک تیزی سے تنزلی کا شکار ہوا۔ کئی ممالک نے پاکستان کے ماڈل کو اپناتے ہوئے ترقی کی۔ قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے۔ ماضی کی لیڈرشپ کو فکر ہی نہیں تھی کہ لوگوں کو انصاف ملے۔  قانون کی حکمرانی کسی بھی ملک کی ترقی کی بنیاد ہے۔

 وزیراعظم نے کہا 2007 میں کہہ رہا تھا ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ پاکستان میں امیر اورغریب کیلئے الگ الگ قانون ہمارا بہت بڑا المیہ ہے۔ مہذب معاشرے طاقتور کو بھی قانون کے دائرے میں لاتے ہیں۔ ماضی کی ملکی قیادت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہوتی تھی۔ خوشحالی قانون کی بالادستی کے بغیر نہیں آ سکتی۔ تارکین وطن ملک میں پلاٹ لیں تو اس پر قبضہ ہو جاتا ہے۔ قانون کی بالادستی کیلئے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہنا چاہیے۔

 عمران خان بولے طاقتور ہمیشہ قانون کے اوپر رہنا چاہتا ہے۔ یہ سارے این آر او مانگ رہے ہیں۔ کہتے ہیں ہمارے لئے علیحدہ قانون بنا دو ورنہ حکومت نہیں چلے گی۔ پرویز مشرف نے این آر او دے کر ملک پر بہت بڑا ظلم کیا۔ وہ پیسہ پرویز مشرف کا نہیں، پاکستان کی عوام کا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا اوورسیز پاکستانی ملک کا بہت بڑا سرمایہ ہیں۔ اسلام آباد کے گرین ایریاز کو بچانے کی پوری کوشش کر رہےہیں۔