Tuesday, April 23, 2024

ملک میں غیرمنظم سیاحت نے بہت نقصان پہنچایا، وزیراعظم

ملک میں غیرمنظم سیاحت نے بہت نقصان پہنچایا، وزیراعظم
December 11, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ملک میں غیرمنظم سیاحت نے بہت نقصان پہنچایا۔ سیاحتی مقامات و کے ماحولیاتی تفحظ کو یقینی بنانا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے ایکوٹورازم کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1890ء میں انگریز نے لکھا مری کی آبادی تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، مری کے سیاحتی مقام پر ناقص منصوبہ بندی سے عمارتیں کھڑی کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو فائدہ ملنے تک سیاحت کو فروغ نہیں ملے گا، مقامی لوگوں کو علم ہونا چاہئے کہ درخت نہ کاٹے جائیں، سیاحت کے فروغ سے لوگوں کو روزگار مل سکے گا، جتنی سیاحت پاکستان میں آج ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیاحت سے ملک کو سب سے زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے لیکن ہم سب سے کم فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔ سڑکیں بننے سے سیاحتی مقامات میں رش بڑھ جائے گا، اس کے لیے پوری پلاننگ کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا، پاکستان میں ہائی کوالٹی کی اسکیئنگ ہے،جس کا ابھی تک ملک میں آغاز نہیں کیا گیا۔ اسکیئنگ کے آغاز ہونے کے بعد دنیا بھر سے لوگ آئیں گے۔  سوئٹزر لینڈ صرف اسکیئنگ سے کروڑوں اربوں ڈالر کماتا ہے۔

عمران خان مزید بولے کہ خیبرپختونخوا میں وہ چیزیں سب سے پہلے ہونا شروع ہوئیں جو باقی پاکستان میں نہیں ہو رہیں۔ ہم نیسلے اور ورلڈ بینک کے شکرگزار ہیں۔