Wednesday, May 8, 2024

ملک میں عدالتیں اور انصاف کا نظام آج آزاد ہیں ، وزیراعظم

ملک میں عدالتیں اور انصاف کا نظام آج آزاد ہیں ، وزیراعظم
July 18, 2021

بھمبر (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ملک میں عدالتیں اور انصاف کا نظام آج آزاد ہیں۔

کپتان نے دورہ آزاد کشمیر کے دوران مخالفین پر باؤنسرز برسا دیئے۔ بھمبر میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے ہر غریب ملک میں نواز شریف اور زرداری جیسے لیڈر ہیں۔ نواز شریف بیماری کے بہانے ملک سے بھاگ گئے۔ ملک میں عدالتیں اور انصاف کا نظام آج آزاد ہیں۔ یہاں تحریک انصاف کے وزیروں کو بھی نہیں چھوڑا جاتا۔

میرپور آزاد کشمیر میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم بولے کہ بھارت نے کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے سوچا کہ پاکستان خاموش بیٹھا رہے گا۔ کشمیر کا مقدمہ پوری دنیا میں اٹھایا جس پر مجھے فخر ہے۔ 25جولائی کو بلے کو ووٹ دے کر نیا کشمیر بنانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ووٹ دیتے وقت خاندان، قبیلے اور دوستی کو نہ دیکھیں، اس طرح ہمارا ملک کبھی عظیم ملک نہیں بنے گا۔ ہم نے طاقتور کو قانون کے نیچے لے کر آنا ہے۔ قانون کی حکمرانی ، ظلم کا نظام ختم کرنا ہے۔