Friday, April 19, 2024

ملک میں سیاحوں کو مزید آسانیاں دیں گے ، عمران خان

ملک میں سیاحوں کو مزید آسانیاں دیں گے ، عمران خان
April 3, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ملک میں سیاحوں کو مزید آسانیاں دیں گے، پاکستان میں ایسے کئی علاقے ہیں جو ابھی تک دنیا کے سامنے نہیں آئے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ٹورازم سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان سیاحت کیلئے دنیا میں سب سے آئیڈیل جگہ ہے، دنیا کو پاکستان کا پتہ ہی نہیں ہے۔ کسی ملک کے پاس پاکستان جیسے ساحل نہیں ہیں، پاکستان کے پہاڑی سلسلے بھی ایک دوسرے سےمختلف ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا میں پوری دنیا کی سیاحت کرچکا ہوں۔ نتھیاگلی اور کالام کے ریزارٹ انگریز دور کے ہیں۔ دہشت گردی کے باعث ناردرن ایریاز میں ٹورازم ختم ہو گئی تھی۔ 3 سال قبل شمالی علاقوں میں گیا تو سارے ہوٹلز بک تھے۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان میں نتھیاگلی جیسے 100 مقامات ہیں، کسی کو اندازہ ہی نہیں، پاکستان کی ٹورازم میں جتنا پوٹینشل ہے دنیا میں کہیں بھی نہیں۔ ڈومیسٹک ٹورازم اتنی ہے کہ لوگوں کو ہوٹلزمیں جگہ نہیں ملتی۔ عمران خان نے کہا میرے غیر ملکی دوست دوبارہ ناردرن ایریاز آنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں ایسےعلاقے ہیں جو ابھی تک دنیا کے سامنے نہیں آئے۔ انہوں نے کہا غیر ملکی سیاحوں کیلئے ملک میں آنا آسان کر دیا ہے۔ سیاحوں کو مزید آسانیاں دیں گے۔

https://www.youtube.com/watch?v=TBSvW3c-9t8

وزیراعظم نے مزید کہا شہروں کے پھیلاؤ سے گرین ایریا متاثر ہو گا۔ حکومت سیاحت کے شعبے کیلئے آسانیاں فراہم کرے گی۔ سیاحت کے فروغ سےغربت کم کرنےمیں مدد ملے گی۔ گزشتہ 5 سال میں سب سے زیادہ غربت خیبرپختونخوا میں کم ہوئی۔  خیبرپختونخوا میں غربت کم ہونے کی وجہ ٹورازم کا فروغ ہے۔

 قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پاکستان ٹورازم سمٹ سے خطاب میں کہا پاکستان پرکشش ترین ملک ہے۔ خطے کے تنازعات نے سیاحت کو نقصان پہنچایا۔ ہمیں تھوڑا وقت لگے گا مگر بہتر کر لیں گے۔ نئی حکومت کے آنے سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہواہے۔