Sunday, May 19, 2024

ملک میں سیاحت کو بڑھانے کی ضرورت ہے ، اسد عمر

ملک میں سیاحت کو بڑھانے کی ضرورت ہے ، اسد عمر
February 11, 2019
پشاور (92 نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر نے ملک میں  سیاحت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت بڑھنے سے ملک میں سرمایہ آئے گا۔ پشاور چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل لوڈ شیڈنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا،بالکل نہیں ہونی چاہئے ،پاکستان ، ایران اور ترکی کو آپس میں تجارتی تعلقات استوار کرنے ہوں گے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نیشنل اکنامک اسٹریٹجی میں خیبر پختونخوا کا حصہ ہوگا، آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ ہوگا تو حالات بہتر ہوں گے ،آئی ایم ایف کیساتھ اس معاہدے کو آخری معاہدہ بنائیں گے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بہتر فیصلوں سے ہی پاکستان کی معیشت اٹھے گی ، کپاس کی درآمد کا بھی ہم کردار ہے ، گزشتہ 25سال کے مقابلے میں  ہم بہت کم کپاس پیدا کر رہے ہیں ۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ  اگلے بجٹ میں ٹیکس  نیٹ کے لئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے ، ہراساں کرنے سے ٹیکس نیٹ نہیں بڑھتا۔ ٹیکس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں جس بھی چیمبر آف کامرس میں جاتا ہوں یہی گلہ رہتا ہے کہ اس سے قبل یہاں کوئی وزیر خزانہ نہیں آیا ، ایسے چیمبرز بھی گیا ہوں جہاں سات سال سے وزیر خزانہ نہیں گیا ۔ اسد عمر نے کہا کہ  پشاور میں تین بڑی چیزوں کو ترقی دینی ہے ، یہاں پانی بہت ہے اور گیس بھی زیادہ ہے اس کو استعمال میں لانا ہے ، پانی اور گیس کے سیکٹر کو وزیراعظم کی ہدایت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ پشاور کی پوزیشن کلیدی ہے ،  طور خم بارڈر 24 گھنٹے کھلا رہنا چاہیے ، افغانستان اور ایران کیساتھ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے ، کسی نے باہر سے پاکستان کو نہیں اٹھانا ، ہم سب نے ہی ملکی معیشت اور ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چین کیساتھ سی پیک بن رہا ہے  جو کہ بہت اچھی بات ہے ، ہمیں مغرب اور مشرق میں تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے ، بھارت کیساتھ ہمارے مسائل ہیں   مگر امید ہے وہاں الیکشن کےبعد  ادھر سے بھی رویہ بہتر ہوگا۔ اسد عمر نے کہا کہ  کے پی میں بہت سے علاقے ایسے ہیں  جہاں انڈسٹری نہیں لگا سکتے مگر وہاں ہم سیاحت کے شعبے کو فروغ دیں گے ،  کے پی اور گلگت بلتستان اللہ کی خصوصی دین ہے،ان جیسی جگہ پوری دنیا میں نہیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھ اکہ ہائیڈرل اور گیس سیکٹر کو ترقی دینے کی ضرورت ہے ، خیبرپختونخوا میں  گیس  کے ذخائر سب سے زیادہ ہیں ، خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع لکی مروت اور کوہاٹ میں گیس دریافت ہوئی ہے ۔