Friday, April 26, 2024

ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیے : کور کمانڈر پشاور

ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیے : کور کمانڈر پشاور
November 19, 2016

پشاور (92نیوز) دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے والی فرنٹیئر کور کی 53 ویں رنگا رنگ تقریبات پشاور کے کرنل کیپٹن شیر خان شہید سٹیڈیم میں شروع ہو گئیں۔ پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایف سی اہلکاروں نے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے کیپٹن کرنل شیرخان شہید سٹیڈیم میں 53 ویں ہفتہ فرنٹیئر کور کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز ہو گیا۔ تقریب کے دوران جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا تو ایف سی کی خواتین اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کےلئے اپنے عزم اور مہارت کا عملی نمونہ پیش کیا۔ خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کےلئے مختلف سٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ مارشل ڈانس کے علاوہ روایتی کیلاش، خٹک اور محسود ڈانس نے ثقافتی رنگ بکھیرے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں کور کمانڈر پشاورنے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایف سی کے کردار کو خوب سراہا۔ کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے کہا سکیورٹی فورسز نے ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا بارڈر مینجمنٹ فرنٹیئر کور کور کرے گی۔ ایف سی کے مزید ونگ بنائے جا رہے ہیں۔ پندرہ سال کے تعطل کے بعد ہونے والی ہفتہ فرنٹیئرکور کی تقریبات کے ذریعے نہ صرف ایف سی کے شاندار ماضی بلکہ علاقائی ثقافت کو بھی بھرپور انداز میں اجاگرکیا جائے گا۔