Thursday, May 9, 2024

ملک میں دو پاکستان اور ایسٹ انڈیا کمپنی نہ بنائیں، مُراد علی شاہ

ملک میں دو پاکستان اور ایسٹ انڈیا کمپنی نہ بنائیں، مُراد علی شاہ
June 8, 2021

کراچی (92 نیوز) وزیراعلی سندھ مُراد علی شاہ کے وفاقی حکومت سے شکوے دہراتے ہوئے کہا، ملک میں دو پاکستان اور ایسٹ انڈیا کمپنی نہ بنائیں، پنجاب میں بڑے منصوبے اور سندھ میں صرف نالی کی اسکیمیں؟۔

مُراد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ، زخموں پر نمک چھڑکنا کوئی ان سے سیکھے، سندھ کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کا سلسلہ بند کیا جائے۔ ایسا رویہ مزید برداشت نہیں کریں گے، سندھ کو 90 ارب روپے کی فراہمی ثابت کرنے کا چیلنج کرتے ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اسلام آباد میں امریکی سفیر چارجڈ افیئرز مسٹر لیزلی سی ویگیوری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کوویڈ-19 پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا، پہلی لہر میں سندھ میں زیادہ اثر نہیں ہوا تھا، اس دور میں ہم نے اسپتالوں کو بہتر اور سہولیات میں اضافہ کیا۔ ہماری یومیہ اور پر ملین ٹیسٹنگ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ سندھ میں صحتیابی کی شرح زیادہ، اموات کی شرح کم ہے۔

انہوں نے کہا، اس وقت ہم یومیہ ایک لاکھ لوگوں کو ویکسین لگا رہے ہیں، بہت جلد ہم 2 لاکھ ویکسین کا ہدف حاصل کر لینگے۔ مزید کہا، ہم نے کل سے دکانیں، ریسٹورانٹ کھولے ہیں، اگلے 2 ہفتوں میں شادی ہالز بھی کھول دینگے۔

امریکی سفیر چارجڈ افیئرز نے کہا، امریکی حکومت کوویڈ کو کنٹرول کرنے کیلئے پاکستان کی مدد کر رہی ہے۔ اجلاس میں یو ایس ایڈ کے جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، بجٹ کے بعد یو ایس ایڈ کی اسکیموں کا جائزہ لیا جائے گا۔