Thursday, May 9, 2024

ملک میں دائیں بازو کی جماعتوں کی پالیسیاں ناکام ہو چکیں ، بلاول بھٹو

ملک میں دائیں بازو کی جماعتوں کی پالیسیاں ناکام ہو چکیں ، بلاول بھٹو
June 5, 2021

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں دائیں بازو کی جماعتوں کی پالیسیاں ناکام ہو چکیں۔

بلاول بھٹوزرداری نے ایک بیان میں کہا کہ پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیاں ہی ملک کو آگے لے جا سکتی ہیں کیونکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ اپنی معاشی پالیسیاں عام آدمی کے ماہانہ بجٹ کو سامنے رکھ کر بناتی ہے جبکہ دائیں بازو کی جماعتوں کی معاشی پالیسیاں صرف امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت تھی تو پانچ افراد کے عام گھرانے کی مہینے میں آٹے کی ضروریات ایک ہزار نو سو پچہتر روپوں میں پوری ہو جاتی تھیں۔ آج عمران خان کی حکومت میں ساڑھے تین ہزار روپوں میں یہ ضرورت پوری ہو رہی ہے۔ پی پی پی دورِ حکومت میں ایک عام گھرانا اپنے بچوں کے کپڑے چھ سو روپوں میں خرید لیتا تھا۔ آج تین ہزار چھ سو روپے خرچ کرنا پڑتے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے اپنے وفاقی دورِ حکومت میں تنخواہوں کی مد میں ایک سو پچاس فیصد تک کا اضافہ کیا تھا۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آئے گی تو عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار ملے گا۔