Friday, May 10, 2024

ملک میں حالیہ پاور شٹ ڈاون کی وجہ انسانی غلطی قرار

ملک میں حالیہ پاور شٹ ڈاون کی وجہ انسانی غلطی قرار
January 13, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں حالیہ پاور شٹ ڈاون کی وجہ انسانی غلطی قرار دیدی گئی۔ گدو پاور پلانٹ کے سرکٹ بریکر کو غلط طریقے سے بند کرنے پر پورا سسٹم بیٹھ گیا۔

ذرائع وزارت توانائی کے مطابق گدو پاور پلانٹ کے سوئچ یارڈ میں لگے ایک بریکر کی مییٹیننس کی جارہی تھی ۔ میٹیننس کے دوران سرکٹ بریکر کی ارتھنگ کی گئی تاہم دن کو کام کرنے والا عملہ اس سرکٹ بریکر کو کلوز کیے بغیر چلا گیا۔

ذرائع کے مطابق رات کی شفٹ میں کام کرنے والےعملے نے سر کٹ بریکر کی ارتھنگ ختم کیے بغیر اسے کلوز کیا۔ سوئچ یارڈ میں لگے اس سرکٹ بریکر کو براہ راست کنٹرول روم سے کلوز کیا گیا۔ ارتھنگ ہٹائے بغیر سرکٹ بریکر کو بند کرنے سے گدو پاور پلانٹ بیٹھ گیا۔ گدو پاور پلانٹ بند ہونے سے پلانٹ سے نکلنے والی ٹرانسمشن لائینیں بھی ٹرپ کر گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گدو پاور پلانٹ کے بریکر کی میٹیننس بھی منظوری کے بغیر کی جا رہی تھی حالانکہ پاور پلانٹ کے بریکر کی میٹیننس کے لیے نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کی منظوری ضروری تھی۔