Friday, April 26, 2024

ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ، مختلف شہروں میں بادل برس پڑے

ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ، مختلف شہروں میں بادل برس پڑے
March 5, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ،  مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، کوئٹہ اوردیربالا میں برفباری، یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں پر بادلوں کے ڈیرے، کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش سے جاتی سردی کو بریک لگ گئی۔ لاہور میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے، باغوں کا شہر خوبصورت مناظر پیش کرنے لگا،،، جہاں سردی میں کچھ حد تک اضافہ ہوا وہیں موسم بہار کے رنگ بھی نمایاں نظر آرہے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جڑاوں شہروں میں بارش کے بعد جاتی سردی لوٹ آئی، پنجاب کے دیگر شہروں، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، سیالکوٹ، گوجرانوالہ،  جہلم، اٹک، چکوال، خوشاب، میانوالی، نارووال، اوکاڑہ اور  ساہیوال میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔ بالائی علاقوں ژوب، سبی، لورالائی، بارکھان اور موسیٰ خیل کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک اور تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جارى رہےگا۔ ادھر دیر بالا میں میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ کمراٹ، لواری ٹاپ، بن شاہی، براول، صدیق بانڈہ، ہاتن درہ کے علاقوں نے برف کی چادر اوڑھ رکھی ہے ، قلات  میں برف باری سے جاتی سردی واپس آئی۔