Friday, April 26, 2024

ملک میں بارش کی تباہ کاریاں جاری ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی

ملک میں بارش کی تباہ کاریاں جاری ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی
March 8, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی۔ خیبر، صوابی اور مردان میں پانچ بچوں سمیت چھ افراد لقمہ اجل بن گئے۔ ہنگو کے علاقے چھپری میں گھر کی چھت گرنے سے 8 ماہ کی بچی سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے سے لاشیں نکال لیں۔ خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے سپاہ میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے 2 بچے جاں بحق، خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ صوابی کے علاقے لال بیگ ڈھیری میں بارش کے باعث بھوسے کا ڈھیر گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ مردان کے علاقے لوندخوڑ میں بارش سے گھر کی چھت گرنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق جب کہ باپ زخمی ہو گیا۔ عیسیٰ خیل میں طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جس سے صورتحال بگڑنے لگی۔ جہلم میں بارش کے باعث سڑکیں تالاب میں تبدیل ہو گئیں۔ ادھر مری، اسکردو سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ارندو، گلتری اور شغرتھنگ کا زمینی راستہ بحال نہ ہو سکا۔ محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ۔