Friday, May 10, 2024

ملک میں بارش اور برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا

ملک میں بارش اور برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا
February 7, 2019
لاہور ( 92 نیوز)  ملک میں بارش اور برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا، سردی کی شدت میں بھی اضافہ  ہوا جب کہا گلیات میں کئی علاقوں کا رابطہ بھی منقطع  ہے ۔ ملک بھر میں جاڑے کی شدت بڑھ گئی ، مختلف شہروں میں دوسرے روز ہونے والی بارشوں اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ، لاہور میں گزشتہ روز سے جاری بارش نے صبح سویرے بھی جل تھل ایک کردیا۔ میاں چنوں،قصور،حجرہ شاہ مقیم،بصیر پور اور دیپالپور میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، اوچ شریف اور لیاقت پور سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش اور یخ بستہ ہواؤں سےسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ سیالکوٹ، فیصل آباد اور مریدکے میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے سردی کی شدت بڑھادی، شکرگڑھ،شیخوپورہ اور شرقپور شریف میں بھی  بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم مزیدسرد  ہو گیا ۔ گجرات شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے  جاری بارش کا پانی جمع ہو گیا جب کہ  میاں چنوں ، بصیر پور اور دیپالپور میں موسلا دھار بارش کیساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ۔ بہاولپور اور جتوئی سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں مین بھی بارش اور یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ  ہو گیا،میر پور سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیسرے روز بھی بادل خوب برسے ۔ ادھر کراچی میں سرد ہواؤں کاراج ہے،شمال مغرب سے آنے والی یخ بستہ ہواؤں کے باعث شہرقائد میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ دوسری جانب شمالی علاقہ جات میں برفباری کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،دنیا کے بلند ترین سیاحتی مقام دیوسائی میں  6 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ، سکردو کے علاقہ اروندوشگر میں چار فٹ تک برفباری نے  ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ایبٹ آباد اور گلیات میں ایک فٹ سے زائد برف پڑنے سے تمام رابطہ سڑکیں بند ہیں ، چمن اور گردونواح میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ۔ سوات اور مالم جبہ میں سفید موتی گرے جبکہ وادی نیلم اور آزاد کشمیر میں تیسرے روز  بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ مری میں شدید برفباری کے باعث سیاحوں کے لئے نئی ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئیں ۔ ٹریفک پولیس نے سیاحوں کو سڑک پر گاڑی کھڑی  کر کے سیلفیاں بنانے اور سڑک پر گاڑیوں کی  ڈبل لائن لگانے سےروک کردیاہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ چوبیس گھنٹے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور اور گلگت بلتستان میں بھی بادل مزید برسیں گے۔