Thursday, April 25, 2024

ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ ، ذرائع

ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ ، ذرائع
April 7, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق پٹرول کا ذخیرہ صرف بارہ دن کی ضروریات پوری کرنے کے قابل رہ گیا۔

اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ لائسنس شرائط کے مطابق نہ رکھنے پر وارننگ لیٹر جاری کر دی۔ اوگرا حکام کے مطابق تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اوگرا لائسنس کے مطابق 20 روز کا پیٹرول ذخیرہ رکھنے کی پابند ہیں۔ جن آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا ذخیرہ 20 روز کا نہ ہوا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

 ترجمان اوگرا کے مطابق اوگرا نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو آئل ذخیرہ کو لائسنس شرائط کے مطابق برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

 ذرائع کے مطابق ملک بھر میں پیٹرول کا 2 لاکھ 97 ہزار 882 میٹرک ٹن کا ذخیرہ موجود ہے۔ حکام کا کہنا ہے پیٹرول کا موجودہ ذخیرہ 12 روز کی ملکی ضروریات کو پورا کرسکتا ہے۔

ملک میں اس وقت ڈیزل کا 17 روز کے لیے 3 لاکھ 64 ہزار میٹرک ٹن کا سٹاک  موجود ہے۔ ملک بھر میں اس وقت جیٹ فیول چار روز کے لیے 2 ہزار 654 میٹرک ٹن کا سٹاک موجود ہے۔