Tuesday, May 21, 2024

ملک میں اڑھائی سال سے ہائبرڈ نظام چل رہا ہے، بلاول بھٹو

ملک میں اڑھائی سال سے ہائبرڈ نظام چل رہا ہے، بلاول بھٹو
March 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا، سینیٹ کی ایک سیٹ نے پورے نظام کو بےنقاب کردیا، یہ جمہوریت پسند ہیں نہ سیاستدان، ملک میں اڑھائی سال سے ہائبرڈ نظام چل رہا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بولے کہ جو روایت عمران خان اپنا رہے ہیں وہ نظام کے لیے خطرہ ہے، پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی، کب، کہاں، کس کے خلاف عدم اعتماد ہوگا؟۔

انہوں نے کہا، تحریک انصاف حکومت نے انتقامی سیاست کا نیا رواج ڈالا، گزشتہ 3 سال سے کٹھ پتلی نظام چل رہا ہے، سینیٹ کی ایک سیٹ سے پی ڈی ایم نے بتا دیا کچھ ناممکن نہیں سب ممکن ہے۔

اُن کا کہنا تھا، صدر پاکستان نے خود مان لیا وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں اکثریت کھو دی، ہمیں پتہ ہے نہ پارلیمان میں آپ کو سپورٹ ہے نہ عوام میں آپ کو سپورٹ ہے۔ اپوزیشن جماعتیں بتائیں گی آپ کب تک وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھے ہیں۔ نواز شریف اور آصف زرداری جب بیٹھ کر پلان بناتے ہیں تو یہ کٹھ پتلی فارغ ہی ہوتے ہیں۔

بلاول بھٹو بولے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے کارکن اس طرح کے رویہ نہیں اپناتے، عمران خان نے پارلیمنٹرین پر حملے کی مذمت نہیں کی۔ جب آپ جانتے ہو کہ آپ کی حکومت جا رہی ہے تو اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں۔ پچھلے 3 سال میں جو کچھ آپ نے کیا  ہے آپ اس میں بری نہیں ہو سکتے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ، ہم سیاست عوام کیلئے کرتے ہیں، ہم آپ کی طرح چور دروازوں سے اس کرسی پر بیٹھے ہیں نہ بیٹھیں گے۔ عوام کے ساتھ معاشی دہشت گردی کی گئی ہے۔