Saturday, April 20, 2024

ملک میں آج سے سترہ سال عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز

ملک میں آج سے سترہ سال عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز
September 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں آج سے سترہ سال عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا۔

این سی او سی نے 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے کورونا ویکسینیشن کی نظرثانی شدہ گائیڈ لائنزجاری کر دیں۔ ویکسینیشن کے لیے عام عوام کے گروپ کی حد کم کرکے 17 سال کر دی گئی۔ فائزر ویکسین 18 سال سے کم عمر کے افراد کو لگائی جائے گی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جن کی قوت مدافعت کم ہے انہیں میڈیکل سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوں گے۔ 18 سال سے کم عمر کے افراد کے لیے بے فارم ضروری ہو گا۔ بے فارم پر درج نمبر نیشنل ایمونائزیشن مینجمنٹ سسٹم میں رجسٹریشن کے لیے استعمال ہو گا۔

کورونا کی بوسٹر ڈوز لگنے کا عمل بھی شروع ہو گیا۔ بوسٹر ڈوز کی قیمت ایک ہزار 270 روپے مقرر کی گئی۔ صرف بیرون ملک جانے والے افراد ہی لگا سکیں گے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک کی 35 فیصد آبادی کو ابھی تک ویکسین کی ایک خوراک ملی ہے۔ اسلام آباد میں یہ شرح 69، آزاد کشمیر 51، گلگت بلتستان میں 39 فیصد ہے۔ پنجاب 37، خیبر پختونخوا 35، سندھ 32 فیصد اور بلوچستان میں شرح 12 فیصد ہے۔