Saturday, May 11, 2024

ملک میں آٹے کے بحران کا خدشہ، فلور ملز کا پیر کو جڑواں شہروں میں ہڑتال کا اعلان

ملک میں آٹے کے بحران کا خدشہ، فلور ملز کا پیر کو جڑواں شہروں میں ہڑتال کا اعلان
November 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ایک اور بحران سر اٹھانے لگا، ملک میں آٹے کی شارٹیج کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں گندم کا اسٹاک ختم ہوگیا جس پر فلور ملز کو جنوبی پنجاب سے گندم اٹھانے کا کہا گیا ہے، فلور ملز نے پیر کو جڑواں شہروں میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔

بحرانوں کا سامنا کرنے شہریوں کو ایک اور بحران کا سامنا، جلد قابو نہ پایا گیا تو روٹی کے لالے پڑجائیں گے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گندم کا اسٹاک ختم ہوگیا۔

حکومت نے فلور ملز کو ہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب سے گندم کا اسٹاک اٹھایا جائے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے جنوبی پنجاب سے اٹھائی گئی گندم مہنگی پڑے گی۔ ایسوسی ایشن نے پیر سے جڑواں شہروں میں ہڑتال کا اعلان کردیا اور عندیہ دیا ہے کہ منگل سے ہڑتال کا دائرہ پورے صوبے تک بڑھادیا جائے گا۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے اسٹاک میں32 لاکھ ٹن گندم موجود ہے، روزانہ کی بنیاد پر 18 ہزار ٹن گندم ریلیز کر رہے ہیں۔

چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن ملک طاہر کہتے ہیں ہمیں گندم فراہم نہیں کی جارہی۔ یہ اپنی غلطی نہیں مانتے جس کی سزا ملوں کو مل رہی ہے۔

پنجاب، کےپی اور کراچی میں آٹے کی شارٹیج اور مہنگا ہونے کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں۔ مہنگائی کی چکی میں پسے شہری مطالبہ کررہے ہیں کہ کم از کم گندم کی قیمت کو ہی کنٹرول کرکے اس تک رسائی آسان بنائی جائے۔