Friday, March 29, 2024

ملک میں 56 روز بعد ٹرین آپریشن بحال

ملک میں 56 روز بعد ٹرین آپریشن بحال
May 20, 2020
 لاہور (92 نیوز) ملک میں 56 روز بعد ٹرین آپریشن بحال ہو گیا۔ پردیسی خوشی سے نہال ہو گئے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ لاہور ریلوے اسٹیشن سے ریل گاڑیاں فراٹے بھرنے لگیں۔ پہلی ٹرین سبک رفتار ایک سو پانچ مسافروں کو لے کر صبح ساڑھے سات بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہو گئی۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی تدابیر کا انتظام اور مسافروں کےلئے ہینڈ سینی ٹائزنگ ڈیسک قائم کیا گیا۔ تمام مسافروں کو سفر کرنے کے لئے ماسک پہن کر ریل گاڑی میں سوار ہونے کی اجازت دی گئی۔ ڈپٹی ڈی ایس ریلوے کاشف یوسفانی کا کہنا تھا کہ حفاظتی انتظامات کے بغیر شہریوں کو سوار نہیں ہونے دیں گے۔ دوسری جانب مسافروں نےٹرین آپریشن کی بحالی پر سکھ کا سانس لیا۔ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے پر پہلے مرحلے میں ملک بھر میں پندرہ ٹرینوں کو چلایا جا رہے جس میں سے گیارہ لاہور سے روانہ ہوں گی۔ ادھر پشاور سے بھی ریلوے کا ٹرین آپریشن بحال ہوگیا۔ ٹرینوں کی بحالی کے پہلے روز پشاور کے کینٹ اسٹیشن پر کورونا وائرس سے بچائو کے بھرپور انتظامات کئےگئے۔ کینٹ اسٹیشن میں مسافروں کو سینی ٹائزر واک تھرو گیٹ سے گزارا جاتا ہے، سماجی فاصلے کے علاوہ ہاتھوں کی صفائی کا انتظام کیا گیا۔ پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن سے پہلی ٹرین  عوامی ایکسپریس مسافروں کو لے کر کراچی کے لئے روانہ ہوئی۔ پشاور سے جانے والی دوسری ٹرین خوشحال ایکسپریس کوئٹہ کے لئے روانہ ہوئی۔ مسافروں نے احتیاطی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان ریلوے نے پشاور کینٹ اسٹیشن پر مسافروں کا تھرمل اسکینر سے ٹمپریچر چیک کرنے کے علاوہ کورونا کے مشتبہ مریضوں کےلئے ایک بوگی میں باقاعدہ آئسولیشن وارڈ بھی تیار کیا ہے جہاں وینٹی لیٹر کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ دوسری طرف کورونا وائرس سے بچنے کے لئے تمام سہولیات سے آراستہ جعفر ایکسپریس 3 سو 22 مسافروں کو اپنی منزل کی جانب روانہ کر گئی ۔ ٹرین میں سفر کرنے والے تمام مسافروں کو ماسک ، دستانے اور ہینڈ سینٹائز استعمال کرنے کا پابند کیا گیا۔ کوئٹہ میں مقیم پردیسی عید منانے کے لئے اپنے اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہوگئے۔ ٹرین کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا ۔ کہتے ہیں کہ لاک ڈاون کے بعد ٹرین سروس بحال ہونا عید تحفے سے کم نہیں۔ کوئٹہ سے روانہ ہونے والے ٹرینوں کا سلسلہ 30 مئی تک جاری رہے گا تاہم مسافروں کو آن لائن ٹکٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔