Thursday, April 25, 2024

ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے، وزیراعظم

ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے، وزیراعظم
September 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بابر اعوان سے گفتگو میں کہا ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملکی تازہ سیاسی صورت حال اور قانونی امور پر مشاورت کی گئی۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج سمیت پارلیمانی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ بابر اعوان نے کہا کراچی کیلئے 1 ہزار 113 ارب روپے کے تاریخی پیکج کا اعلان خوش آئند ہے۔ وفاقی حکومت نے معاشی حب کی بہتری کیلئے بروقت قدم اٹھایا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا سیاسی بد انتظامیوں کے باعث کراچی کے حالات بد ترین ہوئے۔ کراچی کی ترقی وفاقی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ وفاق کراچی کے مسائل کے حل کیلئے مالی وسائل فراہم کرے گا۔ ٹرانسفارمیشن پیکج کے تحت منصوبوں پر جلد عملدرآمد ضروری ہے۔ ملاقات کے دوران فیٹف سے متعلقہ قانون سازی پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر قانون سازی کا عمل جلد مکمل کرنے کے عزم کا ا ظہار کیا۔ بابر اعوان نے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا ملکی سلامتی سے متعلق قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونے دیں گے۔