Thursday, May 9, 2024

ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر لے جانے والے غدار اور مجرم ہیں، وزیراعظم

ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر لے جانے والے غدار اور مجرم ہیں، وزیراعظم
April 30, 2021

گلگت (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر لے جانے والے غدار اور مجرم ہیں۔

گلگت بلتستان میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران نے کہا جب ڈالر ملک سے باہر جاتا ہے تو روپیہ کمزور ہوجاتا ہے۔ نام عوام کا لیتے ہیں اقتدار میں آکر اپنا پیٹ پالنا شروع کر دیتے ہیں۔ ہمارے حکمرانوں کے بچے اور جائیداد باہر ہیں۔ ساری جائیدادیں ان کی باہر ہیں۔ اس لیے انہوں نے اس علاقے کا کبھی سوچا ہی نہیں۔ اقتدار سے اپنی ذات کو فائدہ پہنچانا ہی کرپشن ہے۔ عوام کے نام پر اقتدار میں آکر اپنا پیٹ بھرنے والوں کو دنیا میں برا سمجھا جاتا ہے۔ قانون کی بالادستی کا مطلب طاقتور کو قانون کے نیچے لے کر آنا ہوتا ہے۔ جس ملک میں انصاف اورقانون کی بالادستی نہیں ہو وہ عظیم ملک نہیں بن سکتا۔

وزیراعظم نے کہا ملک اس لیے اوپر نہیں گیا جو حکمران آئے انہوں نے عوام کا سوچنے کی بجائے اپنے پیسے بنائے۔ کرپٹ مافیا سے آزادی لینے کیلئے پوری جدوجہد ہے۔ چوروں کو ہرانے کیلئے اللہ نے میری ٹریننگ کرائی ہے۔

 وزیراعظم عمران خان بولے خوبصورتی میں دنیا میں کوئی گلگت بلتستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ گلگت اور اسکردو میں سیوریج کے نظام کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان کے سارے شہریوں کے پاس ہیلتھ کارڈ آجائے گا۔ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری گلگت بلتستان میں کامیاب ہو گی۔ سکردو میں براہ راست انٹرنیشنل فلائٹس آیا کریں گی۔ آپ نے ٹورازم انڈسٹری کیلئے پلان طریقے سے کام کرنا ہے۔ گلگت بلتستان کو اختیارات دینے کی شروعات ہو چکی ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا وزیراعظم کا ویژن پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا ہے۔ بلوچستان ، اندرون سندھ کے بعد اب گلگت بلتستان میں ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا۔ نوجوانوں کو روزگار ملنے تک سیاحت کا فروغ ممکن نہیں۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کے حوالے سے بہترین کام ہو رہا ہے۔ ہم نجی شعبے کی شراکت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کریں گے۔ گلگت بلتستان میں 6 ارب روپے سیاحت کے فروغ کیلئے خرچ کیے جائیں گے۔ صحت اور تعلیم کیلئے 17 ارب کے منصوبے ہیں۔ سکردو اور چلاس میں اسپتالوں کو بہتر کر رہے ہیں۔ خواتین کیلئے ہنر مند سنٹرز بنائے جائیں گے۔