Friday, April 26, 2024

ملک بھرمیں جشن آزادی ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

ملک بھرمیں جشن آزادی ملی جوش وجذبے سے منایا گیا
August 14, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں پوری قوم نے یومِ آزادی ملی جوش وجذبے سے منایا۔ جشن آزادی تقریبات میں ملکی سلامتی کے لیے دعائیں، کیک کاٹے گئے۔

ایک قوم، ایک آواز، پاکستان زندہ باد، پائندہ باد، پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر قریہ قریہ، وادی وادی جشن آزادی، قوم نے وطن سے محبت کا مثالی اظہار کیا۔

نماز فجر کے بعد وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا۔ کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی۔

مزار قائد پر پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے فرائض سنبھال لیے۔ مزار اقبال پر بھی پاکستان رینجرز کی جگہ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ کے فرائض سنبھا لیے۔

ہر سو سبز ہلالی پرچموں کی بہار دیکھنے میں آئی، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت شہر شہر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں، کہیں ریلیاں تو کہیں کیک کاٹے گئے، بڑوں کے ساتھ بچوں کا جذبہ بھی ناقابل فراموش رہا۔