Thursday, April 25, 2024

ملک بھر کے نجی اسکولوں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا حکم

ملک بھر کے نجی اسکولوں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا حکم
January 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے ملک بھر کے نجی اسکولوں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا حکم نامہ جاری کر دیا۔ نجی اسکولوں کی فیسوں سے متعلق کیس کا فیصلہ جسٹس اعجازالاحسن نے تحریر کیا اور قرار دیا کہ اطلاق 5 ہزار سے زائد فیس لینے والے اسکولوں پر ہو گا۔ فیصلے میں والدین کو مقررہ وقت پر فیس ادا کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔  ساتھ ہی متبنہ کیا گیا جو ایسا نہیں کرے گا اس کےخلاف ایکشن لیا جائے گا۔ عدالت نے قرار دیا کہ فیسوں میں کمی سے اسکالر شپ اور اسکول کی سہولیات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اساتذہ کی تنخواہوں میں بھی کمی نہیں کی جائے گی۔ عدالتی حکم سے متعلق والدین کو تضحیک آمیز خطوط لکھنے والے اسکولوں کو نوٹسز بھی جاری کر دیئے گئے اور وضاحت طلب کر لی۔ عدالت نے استفسار کیا کیوں نہ ان کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے؟۔ عدالت نے واضح کیا قانون اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی۔ فیصلے میں ایف آئی اے کی جانب سے اسکولوں کے قبضے میں لیے گئے ریکارڈ کو کاپی کرکے واپس کرنے کا حکم بھی شامل ہے۔ رجسٹرار آفس کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہیڈ اسٹارٹ اور ایکول لائٹ اسکول کی الگ سے فائلیں تیار کی جائے۔ اس سے متعلق سماعت 28 جنوری کو ہو گی۔